عمران خان نے میرے کسی چیلنج کو قبول نہیں کیا، بلاول بھٹو

July 15, 2020

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ابھی تک میرے کسی بھی چیلنج کو قبول نہیں کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی کی ناکامیوں پر ایک پریس کانفرنس کی تھی۔ جس میں مسئلہ کشمیر، معیشت اور کورونا وائرس کے حوالے سے پی ٹی آئی کی نااہلیوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کی کرپشن کے معاملے کو بھی اجاگر کیا اور میں نے عمران خان کو پہلا چیلنج یہ کیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی یا ٹی وی پر مناظرہ کرلیں۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ دوسرا چیلنج یہ کیا تھا کہ وہ این آئی سی وی ڈی طرز کا ایک اسپتال پورے پاکستان میں دکھادیں اور تیسرا چیلنج یہ کیا تھا کہ وہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں فی کس ٹیسٹنگ کا موازنہ سندھ سے کروادیں، لیکن عمران خان نے ابھی تک میرے کسی بھی چیلنج کو قبول نہیں کیا ہے۔