سینیٹ نے فلم زندگی تماشا کو نمائش کی اجازت دے دی

July 15, 2020

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینٹ کی انسانی حقوق کمیٹی نے سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کو کورونا بحران کے بعد ریلیز کرنے کی اجازت دے دی۔سینٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس میں فلم ’زندگی تماشا‘ کی نمائش پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے فلم ’زندگی تماشا‘ کو اسکریننگ کی اجازت دینے کے سنسر بورڈ کے فیصلے کی تائید کردی۔سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ سنسر بورڈ کو کمیٹی نے کورونا بحران کے بعد ’زندگی تماشا‘جاری کرنے کی اجازت دے دی۔مصطفی نوازکھوکھر نے بتایا کہ فلم ’زندگی تماشا‘ میں کوئی قابل اعتراض چیز نہیں نظر آئی۔واضح رہے کہ معروف پاکستانی فلمساز اور اداکار سرمد کھوسٹ کی نئی آنے والی فلم ’زندگی تماشا‘ کو نمائش کی منظوری دیے جانے کے باوجود ملک میں اس کی ریلیز روک دی گئی تھی۔’زندگی تماشا‘ 24 جنوری کو پاکستان بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی لیکن اس کے حوالے سے ایک مذہبی جماعت کی جانب سے فلم کے خلاف مظاہروں کی کال دی گئی تھی جس کے بعد فلم کی ریلیز روک دی گئی تھی۔