شادی لوگوں کی خاطر نہیں اپنے لیے کروں گی، صبا قمر

July 15, 2020

شادی لوگوں کی خاطر نہیں اپنے لیے کروں گی، صبا قمر

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ صبا قمر نے اپنے یو ٹیوب چینل کی پانچویں قسط میں بھی معاشرے کی تلخ حقیقتوں کو بہت عمدہ طریقے سے پیش کیا ہے۔ اداکارہ اپنے یو ٹیوب چینل پر ذہنی صحت، پرتشدد تعلقات، نامناسب رویوں سمیت مختلف مسائل کو اجاگر کرتی رہتی ہیں۔ اپنے یو ٹیوب چینل کی پانچویں قسط کے 4 حصوں میں اداکارہ نے معاشرے کے دقیانوسی تصورات کے حوالے سے بات کی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ان کی پسندیدہ اقساط میں سے ایک ہے۔انسٹاگرام پر اس قسط کی مختصرویڈیو شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ باصلاحیت افراد ان کہی باتوں کو کہنے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ویڈیو 17 منٹ 30 سیکنڈز کی ہے جس میں صبا نے پاکستان میں لڑکیوں کے رشتے کے حوالے سے درپیش مسائل، پاکستانی سوسائٹی، جسمانی خدوخال پرتنقید اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے موضوعات اجاگرکیے۔ تحریر اور ڈائریکشن بھی خود صبا قمر نے دی ہیں ۔ اداکارہ نے یہ بات بھی واضح کی کہ وہ شادی لوگوں کیلئے نہیں اپنے لیے کریں گی۔اس سے قبل صبا نے چوتھی قسط “کب سمجھو گے؟” بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت، پاکستانی ماڈل انعم تنولی اور لاہورکی نجی یونیورسٹی کی طالبہ روشان فرخ کے نام کی تھی جنہوں نے ڈپریشن کے باعث خودکشی کی تھی۔اداکارہ نےیہ بات سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ کسی بھی انسان کو انتہائی مایوسی میں دھکیلنے والے وہ کون سےعوامل ہوتے ہیں جو اسے وہاں تک پہنچادیتے ہیں کہ وہ اپنے ہی ہاتھوں سے زندگی کا خاتمہ کرلیتا ہے۔