انگلینڈ سے اسکاٹ لینڈ آنے والوں کو قرنطین کرنے کا امکان

July 15, 2020

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش حکومت کی سربراہ نکولا سٹرجن نے کہا ہے کہ اگر کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے ضروری ہوا تو وہ انگلینڈ سے آ نےو الے افراد کو اسکاٹ لینڈ آمد پر قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کرنے پر بالکل نہیں ہچکچائیں گی۔ ہم نے اسکاٹ لینڈ میں کورونا پر بہت حد تک قابو پالیا ہے اور یہاں پر کورونا کے پھیلائو کی شرح انگلینڈ اور دیگر برطانیہ میں سب سے کم ہے۔ گزشتہ پانچ دنوں سے یہاں کورونا کے باعث کوئی موت نہیں ہوئی۔ اگلے چند ہفتوں میں ہمارے لیے سب سے بڑا خطرہ اسکاٹ لیند کے بیرونی علاقوں سے کورونا کی آمد کا ہوسکتا ہے اور ہم نے اس سلسلہ میں پوری، پوری احتیاط کرنا ہوگی۔ انگلینڈ سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ سیاسی نہیں، بلکہ میڈیکل بنیادوں پر ہوگا، واضح رہے کہ نکولا سٹرجن کے اس بیان پر برطانوی وزیراعظم نہایت ناراضگی کا اظہار کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا انگلینڈ میں اسکاٹ لینڈ جانے والوں پر قرنطینہ کی تجویز نہ صرف حیران کن بلکہ شرمنا ک ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں اگرچہ کورونا سے اموات میں بہت زیادہ کمی ہوئی ہے، لیکن اب چونکہ پابندیوں میں نرمی کی جارہی ہے، اس لیے خطرہ ہے کہ کہیں کینسر کی تعداد ایک بار پھر نہ بڑھ جائے، جیسا کہ اتوار کو19نئے کیسز سامنے آئے تھے جوکہ ہفتے کے دن کی نسبت11زیادہ تھے، ان میں12گلاسگو جبکہ ایک کیئر ہوم میں پائے گئے تھے۔