بھارت کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں کرسکتا، راجہ گلتاسب

July 15, 2020

برمنگھم (ابرار مغل) 13 جولائی 1931ء سے شروع ہونے والا قربانیوں کا سلسلہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گا۔ بھارت اپنے تمام تر حربوں اور مظالم کے باوجود بھی کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں کرسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر موومنٹ فورم برطانیہ کے چیئرمین اور پی پی پی ورکرز ایکشن کمیٹی برمنگھم کے کنونیر الحاج راجہ گلتاسب خان نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ راجہ گلتاسب خان نے کہا کہ یوم شہدائے کشمیر آزادی کیلئے قربانیوں کا تسلسل ہے۔ جولائی 1931ء میں ڈوگرہ فوج نے 22نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے موجودہ تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد رکھی۔ اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری جام شہادت پی چکے ہیں لیکن بھارت انہیں جھکا نہ سکا۔ راجہ گلتاسب خان نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے اپنے مظالم اور بربریت میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔ بھارت نے کشمیر کو فلسطین بنادیا ہے جس کی وجہ سے پورے خطے میں امن کا توازن بگڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔