مقتول ندیم جوزف کے خاندان کو تحفظ دیا جائے،فہمیدہ بھٹی

July 15, 2020

میلان ( شہباز بھٹی )وائس آف وائس لیس انٹرنیشنل اٹلی کی ڈائریکٹر فہمیدہ بھٹی نے روزنامہ جنگ سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں مسیحی فیملی پر فائرنگ کر کے بے قصور مسیحی ندیم جوزف کو قتل اور خاندان کے دو افرادکو شدید زخمی کرنے والےملزمان ابھی تک قانون کی گرفت سے آزاد ہیں اور مقتول ندیم جوزف کے خاندان کوجان سے مار دینے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جب کہ مقامی پولیس مقتول ندیم جوزف کے خاندان کو تحفظ دینے میں ناکام ہے ۔ فہمیدہ بھٹی نے سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اورسپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ندیم جوزف کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور مقتول ندیم جوزف کی بیوہ اور باقی اہل خانہ کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت پاکستان نے اس مسئلہ کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو وائس آف وائس لیس انٹرنیشنل اٹلی مقتول ندیم جوزف اور ان کےخاندان کو انصاف دلانے کے کیلئے ہرسطح پر احتجاج کرے گی۔