تعلیمی نصاب کے حوالے سےسیمینار16جولائی کوہوگا

July 15, 2020

لیڈز (پ ر) جلیانوالہ باغ سینٹیزی کمیٹی، نیشنل ایجوکیشن یونین برطانیہ، سائوتھ ایشین پیپلز فورم اور پاکستانی و انڈین ترقی پسند جماعتوں کے اشتراک سے ’’برطانیہ میں تعلیمی نصاب کو کلونیل دور کی لوٹ مار اور جبر سے آزاد کروانے‘‘ کے لیے ایک ورچوئل سیمینار جمعرات16جولائی شام6بجے ہوگا۔ تقریب کی صدارت برطانیہ میں اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ کی تنظیم نیشنل ایجوکیشن یونین (NUE) کے انٹر نیشنل ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر گووین لیٹل کریں گے جب کہ اظہار خیال کرنے والوں میں سائوتھ ایشین پیپلز فورم کے کوآرڈینیٹر اور جلیانوالہ باغ سینٹیزی کمیٹی کے نائب صدر پرویز فتح، جلیانوالہ باغ پر لکھی گئی کتاب کے مصنف کم واگنر، جلیانوالہ باغ کمیٹی کی سیکرٹری جوگندر بینس، NEUکے رہنما ایوی کواور، ڈینیل کینیڈی اور امر جیت سنگھ شامل ہوں گے۔ واضح رہے کہ جلیانوالہ باغ سینٹیزی کمیٹی نے2019ء میں برطانیہ میں بھرپور مہم چلائی تھی اور برطانیہ سرکار سے مطالبہ کیا تھا کہ سرکار اس وقت کے متحدہ ہندوستان کے عوام جو اب پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش ہے، سے غیر مشروط معافی مانگے اور کلونیل دور کے جرائم کو تعلیمی نصاب میں شامل کرے۔ کمیٹی کے مطالبے پر برطانوی ہائوس آف کامنز اور ہائوس آف لارڈز میں باقاعدہ بحث بھی ہوئی تھی۔ فروری2020ء میں ہائوس آف کامنز میں کانفرنس کرکے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ آن جلیانوالہ باغ سانحہ بنایا گیا تھا لیکن کووڈ۔19کی وجہ سے کمپین جاری نہ رہ سکی، جسے اب دوبارہ لانچ کیا جارہا ہے۔