وٹفورڈ میں مساجد کھلنے پرکمیونٹی کا اظہار مسرت

July 15, 2020

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ)وٹفورڈ کی دو بڑی مساجد نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہیں ۔ نماز جمعہ میں عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ کمیونٹی نے مساجد کھلنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا، نمازی احتیاطی تدابیر کے تحت گھروں سے جائے نماز ساتھ لائے اور نماز ادا کی۔ مساجد انتظامیہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل فاصلہ برقرار رکھنے ، فیس ماسک پہننے ،مساجد کی صفائی ، مساجد سے نماز جمعہ کے بعد ان اور آوٹ کے لیے بہترین اور موثر انتظامات کر رکھے تھے ۔ اب نمازی حضرات لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث مساجد میں پانچوں وقت نماز باجماعت پڑھنے کے لیے مسجد آ سکتے ہیں ۔ نماز جمعہ کے موقع پر امام مسجد قاری حبیب نے وٹفورڈ سمیت دیگر ٹاون میں کورونا وائرس بیماری کے باعث وفات پانے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا بھی کی کہ اللہ تعالیٰ اس ہلاکت خیز بیماری سے امت مسلمہ سمیت تمام عالم انسانیت کو محفوظ رکھے۔