رام بھارتی نہیں نیپالی تھے،نیپالی وزیر اعظم کے بیان پر ہنگامہ

July 15, 2020

کھٹمنڈو (جنگ نیوز)نیپال کے وزیر اعظم کے ہندوؤں کے بھگوان رام اور ایودھیا کے حوالے سے متنازع بیان پر دونوں ملکوں میں سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔نیپالی وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے کٹھمنڈو میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ بھگوان رام نیپال کے گاؤں ایودھیا میں پیدا ہوئے تھے اور یہی اصلی ایودھیا ہے۔ لہٰذا رام بھارتی نہیں بلکہ نیپالی تھے۔ بی جے پی ترجمان نوین کمار نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ رام اتر پردیش کے ایودھیا میں پیدا ہوئے تھے اور یہ ایک ایسی تاریخی سچائی ہے جس سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا۔کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے بھی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مسٹر اولی کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے اسی لیے انہوں نے ایسا بیان دیا ہے۔بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور دیگر انتہا پسند ہندو جماعتوں نے نیپالی وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کی ہے۔