کے الیکٹرک کو گرڈ اسٹیشن کیلئے ہاکس بے پر 40؍ ایکڑ اراضی منظور

July 15, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے کے الیکٹرک کو 500کلو واٹ کے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لئے ہاکس بے میں 40؍ ایکڑ اراضی الاٹمنٹ کی منظوری دے دی، وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی پائپ لائن بچھانے کے مختلف منصوبوں میں اراضی کے مسائل کے حل کی بھی منظوری دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی زیر صدارت محکمہ توانائی کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں سندھ میں توانائی کے منصوبوں میں اراضی کے حوالے سے مسائل کے حل اور منظوری کے احکامات دیئے گئے۔اجلاس میں کمشنر حیدآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے آن لائن شریک تھے ۔جبکہ ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن اعجاز بلوچ،محکمہ توانائی سندھ کے افسران،کے الیکٹرک اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اجلاس میں موجود تھے ۔اجلاس میں کے الیکٹرک کو ہاکس بے میں 500؍ کلو واٹ کے کے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لئے 40؍ ایکڑ زمین الاٹ کرنے کے احکامات دیئے گئے۔