عمران جنرل بنتے ہیں، وردی نہ ہونے کی وجہ سے کہلا نہیں سکتے،مولا بخش چانڈیو

July 15, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان خود کو جنرل سمجھتے ہیں لیکن وردی میں نہ ہونے کی وجہ سے جنرل نہیں کہلا سکتے، دوسری پارٹیوں کو چھوڑ کر آنیوالے کرپٹ سیاستدان تحریک انصاف میں آکر کیسے فرشتے بن گئے؟ عمران خان سے پہلے بہت سارے نام ہیں جب وہ حکومت سے گئے تو اب ان کا کوئی نام لینے والا نہیں۔ موجودہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ایک پیسہ نہیں بڑھایا لیکن جو انہیں مل رہے ہیں وہ بھی چھیننے کی باتیں کی جا رہی ہے، پیپلزپارٹی کا جرم صرف اتنا ہوتا ہے کہ وہ وقت سے پہلے حالات کے بارے میں بتا دیتی ہے، بلاول بھٹو زرداری کی تربیت شریف سیاستدانوں نے کی ہے، اٹھارہویں ترمیم آئین کا حصہ ہے اس پر حکومتی وزراءڈر کر بولتے ہیں، وزیراعظم کی وکالت کرنیوالے بھی آج شرما رہے ہیں کہ وہ ملک سے دشمنی کر رہے تھے،عمران خان دہشتگردوں کیساتھ ہیں، عوام کے ساتھ نہیں ۔