اکبر پورہ میں جرائم کے خاتمےکیلئے پانچ کمانڈوز دستے تشکیل

July 15, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ کیپٹن ریٹائرڈ نجم الحسنین اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر طیب جان کی خصوصی ہدایت پر اکبر پورہ اور پندرہ نواحی علاقوں میں جرائم کے خاتمے اور علاقہ کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے پولیس کے پانچ کمانڈوز دستے تشکیل دے کر مجرمو ں کے خلاف دائرہ تنگ کر تے ہوئے مجرموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوسرے مرحلہ میں مجرموں کے خفیہ ٹھکانوں اور خفیہ پناہ گاہوں پر چھاپے مارنا شروع کر دیئے گئے ہیں۔ پولیس سٹیشن اکبر پورہ کے محرر افسر علی خان نے بتایا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور مجرموں کا قلع قمع کرنے کے لئے پولیس سٹیشن اکبر پورہ کے سٹیشن ہائوس آفیسر انسپکٹر درویش خان کی قیادت میں علاقہ میں دن رات پولیس دستے گشت کر رہے ہیں مجرموں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں چھاپوں کے دوران قتل اغوا ڈکیتی رہزنی و دوسرے سنگین جرائم میں ملوث پندرہ اشتہاری مجرموں25 مسلح افراد 350 مشتبہ افراد 3کار چوروں منشیات کے15ڈیلروں کو گرفتار کرنے کے علاوہ نقص امن کے تحت 75افراد کو گرفتار کر لیا یا جبکہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کے سلسلے میں دوسو دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔