کامیابی کیلئے لگن اور محنت درکار ہوتی ہے: لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر

July 15, 2020

پاکستان کی برّی فوج کی تاریخ میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی خاتون آفیسر لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا کہنا ہے کہ ترقی اور کامیابی کیلئے لگن اور محنت درکار ہوتی ہے، ترقی کیلئےصنف کا کوئی مسئلہ نہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی ) کو انٹرویو دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں اپنے جوہر دکھا رہی ہیں اور کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو عزت دی جاتی ہے، انہیں ایک مقام حاصل ہے اور پاکستان میں انہیں ہر طرح کا تحفظ حاصل ہے۔

تھری اسٹار عہدے پر ترقی پانے والی نگار جوہر کا ماننا ہے کہ محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ ترقی اور کامیابی کے زینے طے کرنا مشکل نہیں ہے۔

انٹرویو میں نگار جوہر نے بتایا کہ انہیں پاک فوج کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔ آرمی میرٹ پر یقین رکھتی ہے، میرا تقرر اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کے حوالے سے کہا کہ اس وبا کے خلاف حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر عوام کے ہر ممکن تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے : ڈاکٹر جوہر نگار پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل،سرجن جنرل تعینات

ملک کی پہلی خاتون لیفٹننٹ جنرل اور پاکستان کی پہلی خاتون سرجن جنرل تعینات ہونے والی لیفٹننٹ جنرل ڈاکٹر نگار جوہر خان کا تعلق خیبرپختونخواہ کے ضلع صوابی سے ہے۔

انہوں نے راولپنڈی کے پریزینٹیشن کانوینٹ سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور پھر 1985 میں آرمی میڈیکل کالج سے گریجویشن کی۔ ان کا تعلق آرمی میڈیکل کور کے جی ڈی ایم او یعنی جنرل ڈیوٹی میڈیکل آفیسرز برانچ سے ہے۔ یہ میڈیکل میں مینیجمنٹ کا شعبہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاک فوج کی پہلی خاتون افسر کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی

نگار جوہر نے نے ایڈوانس میڈیکل ایڈمنسٹریشن میں آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ سے 2015 میں ڈپلومہ مکمل کیا تھا۔

لیفٹننٹ جنرل ڈاکٹر نگار جوہر کے والد کا تعلق بھی پاکستانی فوج سے تھا۔ ان کے شوہر بھی پاکستانی فوج سے میجر کے رینک سے ریٹائر ہوئے تھے اور گزشتہ برس ان کا انتقال ہوگیا تھا۔