امریکا میں ہوٹل روزویلٹ کی نجکاری روکنے کی درخواست نمٹا دی گئی

July 15, 2020

اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکا میں پی آئی اے کے ہوٹل روزویلٹ کی نجکاری روکنے کی درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سماعت کرتے ہوئے وفاق کے بیان کے بعد درخواست نمٹا دی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے عدالت کو بتایا کہ ہوٹل بیچ رہے ہیں نہ اس کی نجکاری کر رہے ہیں، حکومت ایڈوائزر مقرر کر رہی ہے کہ ہوٹل کو کیسے مستقبل میں منافع بخش بنایا جائے۔

جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ روز ویلٹ ہوٹل میں جوائنٹ وینچر تو نہیں ہو رہا؟

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے جواب دیا کہ نہیں ابھی ایسا کچھ نہیں، یہ صرف اخباری خبریں ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ قومی اثاثے کو ایسے ہی نہیں پھینکنا چاہیے جیسے عمومی طور پر ہم کرتے ہیں، آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ فزیبلٹی صرف منافع بخش ہونے سے متعلق تیار ہو رہی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ زلفی بخاری اپنے فرنٹ مین کے ذریعے اس ہوٹل کو لینا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

اسلام آباد ہائیکورٹ، روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری پر وفاق سے وضاحت طلب

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا رٹ میں موجود کسی فریق کو تو یہ ہوٹل نہیں دیا جا رہا؟

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا یہاں ٹیلنٹ نہیں کہ غیر ملکی اسپیشلسٹ ہائر کر کے خدمات لے رہے ہیں؟ ایسے نہ کریں یہ قومی اثاثہ ہے، کسی کا ذاتی نہیں، نہ کسی کا ذاتی مفاد ہونا چاہیے۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ مستقبل میں کچھ ایسا ہو تو آپ دوبارہ رٹ دائر کر سکتے ہیں۔