تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ ختم کرناظلم کی انتہاء ہے، شہبازشریف

July 15, 2020


مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ ختم کرنا ظلم کی انتہاء ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب وزیر اعظم کا 2 لاکھ میں گزارا نہیں تو سرکاری ملازم چند ہزار میں کیسے گزارا کرے؟ حکومت پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کرچکی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور عوام کےخلاف حکومت ظالمانہ اقدامات واپس لے، ثابت ہوگیا ہے کہ یہ عوام کی نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی غلام حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پر ظلم ڈھانے والوں نے کہا تھا کہ خودکشی کرلیں گے لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، آئی ایم ایف کی شرائط قوم کے گلے کا پھندا بن چکی ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے ہر طبقےکے لیے بری خبر ہے، سرکاری ملازمین کے خلاف ظالمانہ اقدامات برداشت نہیں کریں گے۔