جناح اسپتال سمیت 4 اسپتال وفاق کو منتقل کئے جانے کے معاملے پر اجلاس طلب

July 16, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزارت صحت نے جناح اسپتال، قومی ادارہ برائے امراض قلب، قومی ادارہ صحت برائے اطفال اور شیخ زید اسپتال کو صوبائی حکومت سے وفاق منتقل کئے جانے کے معاملے پر اجلاس طلب کرلیا۔عدالتی حکم پر ملک کے 4 بڑے سرکاری اسپتالوں جسمیں کراچی تین اور لاہور کا ایک اسپتال شامل ہے کا کنٹرول صوبائی حکومت سے وفاقی حکومت کو منتقل کرنے کے طریقہ کار پر وزارت صحت نے اجلاس طلب کرلیا، گورنمنٹ آف پاکستان منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کورڈینیشن کی جانب سے ڈپٹی سیکرٹری غلام مصطفیٰ نے محکمہ صحت سندھ اور محکمہ صحت پنجاب کو خط لکھ دیا، خط کے مطابق صوبہ سندھ اور پنجاب سے مشاورت کے لئے کمیٹی کا اجلاس 17 جولائی جمعہ دن ڈھائی بجے سیکرٹری آفس میں طلب کیا گیا ہے، مشاورت کا عمل وفاقی کابینہ کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی اور صوبائی حکومت کے درمیان ہوگا، وفاقی حکومت کی قائم کردہ کمیٹی میں اٹارنی جنرل، وزیراعظم کے مشیر برائے صحت اور وفاقی وزارت صحت کے سیکریٹری شامل ہونگے، سپریم کورٹ نے 17 جنوری 2019 کو اپنے حکم نامے میں صوبہ سندھ اور پنجاب میں قائم 4سرکاری اسپتالوں کو وفاقی حکومت کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا، 4 میں سے 3 سرکاری اسپتال جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)، قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال (این آئی سی ایچ) سندھ حکومت کے ماتحت کراچی میں قائم ہیں جبکہ 1 سرکاری اسپتال شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پنجاب حکومت کے ماتحت لاہور میں واقع ہے۔