قائد آباد، دکانداروں میں جھگڑے کے دوران ایک دکاندار جاں بحق

July 16, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شرافی گوٹھ تھانے کی حد ود قائد آباد داود چورنگی کے قریب دکانداروں میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے ایک دکاندار 35 سالہ عبدالغنی ولد سید نور جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی جوس کی دکان تھی،اور اس کی برابر میں بریانی فروش بھائیوں سے کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو جھگڑے تک جا پہنچی اس دوران عبدالغنی پر تیز دھار آلے سے وار کیا گیا جس سے وہ موقع پر ہی جاںبحق ہو گیا، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جن کے نام شہباز اور واجد معلوم ہوئے ہیں ، مقتول لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب بسم اللہ کالونی کا رہائشی تھا، پولیس ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔