گرمی سے کمزور قوت مدافعت والے افراد کی حالت غیر ہو سکتی ہے، ڈاکٹر ذیشان

July 16, 2020

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) گرمی کی شدت میں اضافے اور بجلی کی بندش سے شہریوں بالخصوص چھوٹے بچوں، ضعیف اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کی حالت غیر ہو سکتی ہے اس لئے ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں ،اگر ضروری کام ہو تو گیلے کپڑے سے سر اور جسم ڈھانپ کر باہر نکلیں ، پانی کی بوتل ساتھ رکھیں ، مرغن غذاؤں کے بجائے سادہ غذا، سبزیوں ، دہی ، لسی اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، کمروں میں بند نہ ہوں ، صحن یا کھلی فضا میں بیٹھیں اور ہاتھ والے پنکھے سے گرمی دور کریں۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے جناح اسپتال کےایسوسی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر ذیشان علی جونیجو نے بتایا کہ گرمی کی شدت میں دن بدن اضا فہ ہو رہا ہے اس پر بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے زیادہ گرمی میں بڑی عمر کے لوگ ، چھوٹے بچے ، کمزور قوت مدافعت رکھنے والے ،مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد ، کچن میں کام کرنے والی خواتین، اسکول جانے والے بچے، سڑکوں پر کام کرنے والے مزدور ، پتھارے لگانے والے اور دھوپ میں کام کرنے والے افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں اس لئے انہیں چاہیے کہ خاص احتیاط کریں اپنے سروں کو ڈھانپیں ، چھتری لیں یا سائبان قائم کرکے کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے ،جلد کی حفاظت کی جائے۔