لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہونے پر گورنر، وفاقی وزیر استعفیٰ دیں، حافظ نعیم

July 16, 2020

لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہونے پر گورنر، وفاقی وزیر استعفیٰ دیں، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ نام نہاد احتجاج واعلانات کے باوجود شہر میں بدستور لوڈ شیڈنگ جاری رہنے پر گورنر سندھ ،وفاقی وزیراسد عمر اور کراچی سے پی ٹی آئی اورایم کیو ایم کے منتخب نمائندے استعفی دیں ۔ کے الیکٹرک کالائسنس منسوخ کرکے قومی تحویل میں لیا جائے اور ٹیرف میں اضافہ ختم کیا جائے ۔ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف تحریک کے نئے مرحلے میں حکومت وکے الیکٹرک کے خلاف جمعرات 16جولائی کو شہر بھر میں چوکوں ، چوراہوں اور اہم پبلک مقامات پر 400سے زائد احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ،لوڈ شیڈنگ کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور 400سے زائد مقامات پر شکایتی سیل قائم کیے جائیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں لوڈشیڈنگ میں مسلسل اضافے،اووربلنگ اور ٹیرف میں ظالمانہ اضافے کوصرف مؤخر کیے جانے پر حکومت وکے الیکٹرک کے خلاف’’پریس کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پریس کانفرنس سے ، نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر و رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید ،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے نائب صدر و کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد ودیگرنے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سکریٹری کراچی عبد الوہاب ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،پبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے کے الیکٹرک کے خلاف ٹوکن احتجاج کر کے نا صرف کے الیکٹرک کو سپورٹ کیا ہے بلکہ کراچی کے 3کروڑ عوام کے ساتھ دھوکا اور فراڈ کیا ہے۔