را کیلئے کام کرنے کے 3 ملزمان ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

July 16, 2020

را کیلئے کام کرنے کے 3 ملزمان ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مبینہ ایجنٹ ملزمان ظفر ،جاوید اور سفیان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے حکام کا موقف ہے کہ ملزم ظفر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم ظفر نے بھارت میں 14 ماہ دہشت گردی کی تربیت حاصل کی، ملزمان کا تعلق دہلی میں محمود صدیقی گروپ سے ہے جس نے ملزم کو عسکری تربیت دلوائی جبکہ پاکستان میں ملزم ظفر ایم کیوایم لندن کے لئے کام کرتا رہا ہے ۔گرفتار ملزم بم بنانے اور جدید ہتھیار چلانے کا ماہر ہے جو فائر بریگیڈ میں سرکاری ملازمت بھی کرتا رہا ہے ملزم ظفر حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا بھی اہم رکن ہے ۔