معیشت اورتعلیم کی ڈیجیٹلائزیشن سے پاکستان ترقی کریگا،عارف علوی

July 16, 2020

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معیشت، تعلیم اور سرمایہ کاری کی ڈیجیٹلائزیشن سے پاکستان تیزی سے ترقی کریگا، پاکستان تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہا ہے، مستقبل میں بہت سے امور کی انجام دہی انٹرنیٹ کے توسط سے مزید آسان ہو جائیگی، سٹیٹ بینک رواں سال اکتوبر میں آن لائن ادائیگیاں شروع کرنے پر کام کر رہاہے، کورونا وباء کے دوران صحت ،تعلیم اور کاروباری شعبہ میں انٹرنیٹ کی مانگ میں اضافہ ہوا،عید الاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں، بازاروں اور نماز عید کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ہائی سپیڈ موبائل براڈ بینڈ پراجیکٹ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سافٹ ویئر برآمدات میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، ملک میں سافٹ ویئر برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں، ورچوئل یونیورسٹی آن لائن تعلیم کے ذریعے سستی اور معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے، صدر مملکت نے کہا کہ حکومت عمرانی معاہدہ پر عملدرآمد کرے تو قوم تشکیل پاتی ہے، وزیر انفامیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے کہا کہ معاہدہ کے تحت انٹرنیٹ کی تیز ترین سروس فراہم کی جارہی ہے اس سے ملازمتوں کے مواقع پیداہونگے اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا،حکومت ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں تعاون کیلئے پرعزم ہے۔