ایف آئی اے کارروائی، حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 منی چینجر گرفتار، 92 لاکھ روپے لیپ ٹاپ ، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد

July 16, 2020

ایف آئی اے کارروائی، حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 منی چینجر گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی میں ملوث منی چینجرز 2؍ ملزمان کو گرفتار کرکے 92؍ لاکھ روپے،لیپ ٹاپ، موبائل فونز اودیگر سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے اولڈ سٹی ایریا کے علاقے کھارادر بمبئی بازار، میٹرو سینٹر میں چھاپہ مار کر حوالہ ہنڈی میں ملوث 2؍ ملزمان سعد اور آصف کو گرفتار کرکے انکےقبضے سے 92؍ لاکھ روپے اور حوالہ سے متعلقہ مواد پر مشتمل 2؍ لیپ ٹاپ بر آمد کرکے حوالہ ہنڈی کے حوالے سے تمام ٹرانزیکشنز حاصل کر لیں۔ ملزمان سے 20؍ ڈپازٹ سلپس، 100؍ مختلف بینکوں کے واوچرز برآمد کرلئے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے 15؍ مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس اور چیک بکس ، 50؍ دستخط شدہ اوپن چیکس بھی ملے ہیں، جبکہ 10؍ مختلف کمپنیوں کی بنی ہوئی ربڑ اسٹیمپ بھی برآمد کی ہیں، موبائل فون کے ذریعے ملزمان کے غیرقانونی حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم معلومات حاصل کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔