صارفین بجلی کی شکایات کے ازالے کیلئے آن لائن ای کچہری کا انعقاد

July 16, 2020

پشاور(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب اور سیکریٹری پاورڈویژن کی ہدایات پر کرونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے عملے اور صارفین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین بجلی کی شکایات کے فوری حل کیلئے چیف ایگزیکٹیوپسکو انجینئرمحمدجبارخان نے کرائسز منیجمنٹ سیل واپڈا ہاؤس پشاور میں، خیبر سرکل کے صارفین بجلی کے مسائل کے حل کیلئے ای کچہری منعقد کی،جس کے تحت چیف ایگزیکٹیوپسکو انجینئرمحمد جبارخان نے صبح10بجے سے دوپہر سوا ایک بجے تک آن لائن صارفین کے مسائل سنے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی آر شوکت افضل، ایس ای خیبرسرکل جاوید اقبال اوردیگر سینئر افسران موجود تھے، اس دوران صارفین نے اپنے بجلی کے مسائل جن میں تصحیح بجلی بل،بلوں کی اقساط، لووولٹیج،جلے ہوئے ٹرانسفار مروں کی تبدیلی ،لوڈشیڈنگ، بجلی پولوں کی تنصیب اوردیگر مسائل بیان کئے۔ جن کے حل کے فوری احکامات جاری کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیوپسکو نے سٹاف آفیسرکو ہدایت کی کہ ان تمام شکایات کوفالوکرکے ان کے حل کی رپورٹ انھیں پیش کی جائے۔صارفین کے مسائل کے حل کے لئے منعقد کی جانے والی آن لائن کھلی کچہری کو سیاسی ،سماجی شعبوں نے سراہا ہے ،اور کرونا وبا کے دوران صارفین کے صحت کے مسائل کومدنظررکھتے ہوئے اسے پسکو کا اچھا قدم قرار دیا ہے ۔