جنونی فوٹو گرافر نے گھر کو ہی کیمرے میں بدل ڈالا

July 16, 2020


بھارت کے رہائشی ایک ماہر فوٹو گرافر کو فوٹو گرافی کا اس حد تک شوق تھا کہ اس نے اپنا گھر بالکل کیمرے کی طرح کا بنوالیا اور اپنے بیٹوں کے نام بھی مشہور کیمرہ برانڈ ز پر رکھ دیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر بیلگام کے رہائشی ’روی ہونگل‘ بھارت کے مشہور فوٹوگرافر ہیں، انہیں عکس بندی اور کیمروں کا اس حد تک شوق ہے کہ انہوں نے اپنا تین منزلہ گھر بالکل کیمرے کی طرح کا بنوایا ہے اور صرف یہی نہیں بلکہ اپنے تینوں بیٹوں کے نام بھی مشہور کیمرہ برانڈز ’کینن، نیکون اور ایپسن‘ پر رکھے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ روی ہونگل نے اپنے اندر موجود عکس بندی کے جنون کو دنیا کے سامنے ظاہر کرنے کے لیے سب سے پہلے اپنے تین منزلہ قیمتی گھر کو ایک پرانے کیمرے کی طرز پر بنایا ہے جس پر کافی رقم خرچ کی گئی۔

روی ہونگل کے گھر کی کھڑکیاں کیمرہ لینس کی طرح ہیں جبکہ سامنے کی طرف فلیش بھی بنایا گیا ہے اور ساتھ میں ایک ایس ڈی کارڈ نما تعمیر بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مکان کے عین سامنے والے حصے پر فلم رول کی شکل کا ایک خوبصورت ڈیزائن بھی بنایا گیا ہے۔

روی ہونگل اپنی اہلیہ اور بیٹوں کے ہمراہ

روی ہونگل نے اپنے گھر کے عین اوپر انگریزی میں لفظ ’کلک‘ کندہ ہے۔انہوں نے اپنے اسٹوڈیو کا نام اپنی بیوی ’رانی‘ کے نام پر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے تینوں بیٹوں کے نام بھی مشہور کیمرہ برانڈ ز’کینن، نیکون اور ایپسن‘ پر رکھے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روی کے گھر کے قریب سے گزرنے والے افراد وہاں رُک کر ان کا گھر لازمی دیکھتے ہیں، یہ بھورے رنگ کا ایک دلفریب اور شاندار مکان ہے اور اس کی شکل عین ایک پرانے کیمرے جیسی ہے۔

روی ہونگل کے گھر کی ڈیزائننگ میں ماہر انجینیئر نے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔