پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی یوتھ کونسل کا مستقل رکن بن گیا

July 16, 2020


پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی یوتھ کونسل کا مستقل رکن بن گیا، شنگھائی تعاون تنظیم نے پاکستان کے دفتر خارجہ کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ آج پاکستان کو ’ایس سی او‘ کا مستقل رکن بنا دیا گیا ہے، یہ سب حکومتی اقدامات اور وزیراعظم کی مسلسل کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کامیاب جوان پروگرام اور یوتھ کونسل کا قیام درست فیصلہ تھا، پاکستانی نوجوان ’ایس سی او‘ کی یوتھ کونسل اجلاس میں شریک ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ کے پروگرامز میں بھی ہمارے نوجوانوں کی شرکت ممکن ہوسکے گی۔

معاون خصوصی عثمان ڈار نے مزید کہا کہ اہم پیشرفت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دفتر خارجہ کی ٹیم کا شکر گزار ہوں۔