لاہور میں دو روز سے مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری

July 16, 2020


لاہور میں دو روز سے مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، آج سب سے زیادہ سمن آباد کے علاقے میں 54 ملی میٹر بارش ہوئی۔

کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور کہیں حبس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ بارشیں ہوا میں نمی بڑھنے کے باعث ہورہی ہیں۔

لاہور پر موسم مہربان ہوا، دو روز سے اچانک بادل چھائے ہوئے ہیں، جو برسے بھی خوب ہیں، جس کے بعد ٹھنڈی اور کالی گھٹاؤں نے موسم سہانا کردیا اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

یہ بھی پڑھیے:

لاہور کے علاقے کینٹ، ایئرپورٹ، ڈیوس روڈ، ابیٹ روڈ، لکشمی چوک، جوہرٹاؤن، گلشن راوی اور ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی بھی کھڑا ہوگیا، رکشے بند ہوگئے، ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ اور واسا کی ٹیمیں پانی کی نکاسی میں مصروف ہیں۔

دوسری طرف لاہوریوں نے مزے اور موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے سموسوں کی دکانوں کا رخ کرلیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہورہا ہے اور مزید موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے، جبکہ رواں سال زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔