کورونا وائرس میں سیاست برائے سیاست ہوئی، کاروبار تباہ ہوگئے، مصطفیٰ کمال

July 16, 2020

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمینمصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں سیاست برائے سیاست ہوئی، کاروبار تباہ ہوگئے۔

پی ایس پی کے تحت شہریوں میں ماسک کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ یاد دہانی ہے کہ ابھی یہ وبا ختم نہیں ہوئی، احتیاط کا سب سے آزمودہ طریقہ ماسک ہے۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہم آگہی مہم چلارہے ہیں، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے، معاشی بدحالی کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، بدقسمتی سے حکومتوں نے روزمرہ کے کام بھی نہیں کیے۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس پر وفاق اور صوبوں نے سیاست کی، میں نے مطالبہ کیا تھا کہ بلدیاتی عملے کو اختیارات اور وسائل دیں، وزیراعظم نے اس میں بھی سیاست کی آمیزش کی اور ٹائیگر فورس کا اعلان کیا۔

انھوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کا آج کوئی اتا پتا نہیں ہے، پورے ملک میں ہر طرف سے بری خبریں آرہی ہیں، کراچی کو اس کے چوکیداروں نے لوٹا ہے۔ پہلے دن سے بتا رہا ہوں بانی ایم کیو ایم ’را‘ سے پیسے لے رہے ہیں۔ محمد انور نے بتایا کہ 21 سال سے را سے پیسے لے رہے ہیں۔ ہم نے را کا ایجنٹ بننے کے لئے جانوں کی قربانیاں نہیں دیں۔

انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کسی جماعت کا شہدا قبرستان نہیں ہے۔ ایم کیوایم ڈرامے کرتی ہے، تم گورنر بھی ہو، مئیر بھی، وزیر بھی پھر بھی قبرستان آباد کررہے ہو۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر پی ایس پی نہ ہوتی تو بانی ایم کیو ایم کراچی کے نوجوانوں سے اسٹاک ایکسچیج پر حملہ کرواتا، آج کراچی کے نوجوان کو بھاگنے کی ضرورت نہیں ہے۔