سندھ میں گندم کی قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

July 16, 2020


حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں گندم کی قیمیتں برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ روز ہی دعویٰ کیا تھا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسی اور نااہلی کی وجہ سے گندم کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں گندم کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی گئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں قیمتیں زیادہ ہونے سے سندھ سے گندم اسمگل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے:

خیال رہے کہ ایک روز قبل کراچی میں آٹے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا، ریٹیل بازار میں ڈھائی نمبر آٹا فی کلو 6 روپے مہنگا ہوگیا۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹیل بازار میں ڈھائی نمبر آٹا 54 روپے کلو ہوگیا، جبکہ فائن آٹےکی فی کلوقیمت میں 4 روپے اضافہ ہوا۔

کراچی میں آٹے کی قیمتیں مہنگی ہونے کے اثرات پورے سندھ میں دکھائی دینے لگے ہیں جہاں مختلف اضلاع میں چکی آٹے اور فائن آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

تاہم اب ترجمان سندھ حکومت نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔