انٹرن شپ کو بامقصد بنانے کے 5 اصول

July 19, 2020

آج کے دور میں گریجویٹ کرنے والے ہر طالب علم کے لیے انٹرن شپ کرنا لازمی ہوگیا ہے۔ پیشہ ورانہ زندگی میں داخل ہونے سے پہلے انٹرن شپ کے ذریعے طلبا کو کام کرنے کا عملی تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ طلبا انٹرن شپ کو پیشہ ورانہ زندگی جاننے کا بہترین ذریعہ کیسے بناسکتے ہیں، اس حوالے سے گیلپ انٹرنیشنل نے ایک بین الاقوامی تعلیمی ادارے کے ساتھ مل کر سروے کیا تھا۔ طلبا انٹرن شپ کے موقع کو کس طرح اپنے بہترین مفاد میں استعمال کرسکتے ہیں اور اس حوالے سے سروے کے نتائج کیا بتاتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

دوسرے انٹرنز سے روابط

ہر ادارے کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے۔ زیادہ تر اداروں میںہر محکمہ کی ضرورت کے مطابق ایک یا دو انٹرنز دیے جاتے ہیں جب کہ کچھ ادارے انٹرنز کے لیے ایک الگ سیکشن بناتے ہیں، جہاں تمام انٹرنز ایک ہی جگہ کام کرنے کا تجربہ حاصل کرتے ہیں۔ چونکہ اکثر اوقات ایک انٹرن کو اکیلے ہی کسی ایک محکمہ میں رکھا جاتا ہے، ایسے میں اس کے لیے وہاں کام سے لطف اندوز ہونا بڑا مشکل ہوجاتا ہے۔ متعلقہ محکمہ میں کام کرنے والے کُل وقتی ملازمین چاہے کتنے ہی خوش اخلاق اورگرم جوش کیوں نہ ہوں، ہم عمر افراد سے مراسم قائم کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔

اپنے انٹرن شپ کے تجربے سے لطف اندوز ہونے اور اپنے تجربہ شیئر کرنے کے لیے ادارے کے دیگر محکموں میں انٹرن شپ کرنے والے دیگر طلبا سے مراسم بڑھائیں۔ اس طرح نہ صرف آپ اپنی انٹرن شپ سے بہتر طور پر لطف اندوز ہوں گے بلکہ آپ مستقبل کے لیے نیٹ ورکنگ بھی کرپائیں گے جو آگے چل کر آپ کے کام آئے گی۔ مزید برآں، آپ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر انٹرنز کے گروپ اور پیج بھی بناسکتے ہیں۔

معلوماتی انٹرویوز کی مہارت

معلوماتی انٹرویوز (انفارمیشنل انٹرویوز) دراصل 15سے 20منٹ دورانیہ کی غیررسمی گفتگو ہوتی ہے ، جس دوران آپ سامنے والے شخص کے روزانہ کے کام کاج اور پیشہ ورانہ مصروفیات کے متعلق جانتے ہیں اور اپنے اگلے لائحہ عمل کے لیے ان سے مشورہ طلب کرتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس مختصر گفتگو کے ذریعے آپ اپنی اگلی نوکری حاصل کرلیں گے، تاہم آپ کو کسی خاص کام کی نوعیت جاننے اور سامنے والے سےایک تعلق قائم کرنے کا موقع ضرور ملتا ہے۔

چونکہ آپ پیشہ ورانہ زندگی میں داخل ہونے کے لیے پرتول رہے ہیں، لہٰذا انٹرن شپ کی جگہ پر آپ کے ارد گرد ہر شخص آپ کے معلوماتی انٹرویو کے لیے بہترین امیدوار ہے۔ آپ اپنے محکمہ سے نکل کر دیگر محکموں کے لوگوں سے بھی ایسے سیشن بآسانی رکھ سکتے ہیں۔ آپ کو ابتدا میں معلوماتی انٹرویوز شاید معیوب معلوم ہوں لیکن یقین کریں اس عمل سے متعارف ہونے کا یہی سب سے بہترین وقت ہے۔ اپنے ’انٹرن‘ ہونے کے اسٹیٹس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، آپ دیکھیں گے کہ سامنے والے لوگ آپ کو خوش آمدید کہیں گے۔

تجربات کا باقاعدگی سے جائزہ

انٹرن شپ طلبا کو زندگی کے چند بہترین تجربات سے گزارتی ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ انٹرن شپ کے دوران گزارے جانے والے وقت پر نظر رکھیں۔ اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو اپنی انٹرن شپ کا ٹریک کھو دیں گے اور اس سے کچھ زیادہ حاصل نہیں کرپائیں گے۔ انٹرن شپ کے دوران آپ کا روز مرہ کا شیڈول ایسا بن جاتا ہے کہ آپ باقاعدگی سے اس میں اپنے تجربات پر غور کرنے کا وقت نکال سکتے ہیں۔ آپ ہر ہفتے درج ذیل چیزوں پر غور کرسکتے ہیں:

٭ ہفتے بھر کے دوران انجام دیے گئے اہم امور، سینئرز کے ساتھ گفتگو اور ہفتے بھر کے دلچسپ واقعات کا احاطہ کریں۔

٭ آپ نے نصاب میں جو کچھ پڑھا ہے، وہ آپ کے کام سے کس طرح مطابقت رکھتا ہے؟ اور آپ کو مزید کیا سیکھنے کی ضرورت ہے؟

٭ آپ کو انٹرن شپ کرتے وقت سب سے زیادہ کس چیلنج کا سامنا ہے؟ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے آپ کو سب سے زیادہ کون سا ہُنر سیکھنے کی ضرورت ہے؟ یہ اور اس طرح کے دیگر سوالات تحریر کریں اور ان کے جوابات تلاش کریں۔

٭ اگلے ہفتے کے لیے اپنے اہداف کا تعین کریں ، جیسے ادارے کےکسی سینئر افسر کے ساتھ معلوماتی انٹرویو کا سیشن رکھنا، کوئی نیا کام سیکھنا اور دوپہر کے کھانے کے وقفے میں کسی نئی جگہ کو تلاش کرنا وغیرہ۔

آپ کیا پسند کرتے ہیں؟

بدقسمتی سے ہر طالب علم کو انٹرن شپ میں دلچسپ اور زبردست تجربات کا سامنا کرنے کا موقع نہیں ملتا۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ حالات سے مایوس ہوکر انٹرن شپ میں دلچسپی ختم کردیں اور کچھ سیکھنے کی لگن کو جانے دیں۔ انٹرن شپ آپ کو کسی نہ کسی طریقے سےکچھ نہ کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے اور کوئی ایک چیز ایسی ہوتی ہے جو آپ کو پسند ہوتی ہے۔ اپنی اس ایک پسندیدہ چیز کی نشاندہی کریں اور اس کے بل پر اپنی انٹرن شپ کو دلچسپ تجربے میں بدل ڈالیں۔

وقت کا بہترین استعمال

انٹرن شپ کا مطلب محض کام سیکھنا یا نوکری حاصل کرنا نہیں ہوتا۔ انٹرن شپ بنیادی طور پر ایک مقصد کے ساتھ زندگی کا مکمل تجربہ دینے کا نام ہے، جس دوران آپ کو چاہیے کہ آپ دفتر کے اندر اور دفتر کے باہر اپنے دستیاب وقت کا بہترین اور مؤثر استعمال کریں۔ تجربات میں مقصدیت ہر گزرتے لمحے کے ساتھ آتی اور جاتی ہے۔ پبلک بس میں سفر کرتے وقت ڈرائیور کے ساتھ مُسکراہٹ کا تبادلہ، فارغ وقت میں دفتر کے قریب ثقافتی مقامات کو تلاش کرنا اور شام میں دیگر انٹرنز کے ساتھ خوشگوار وقت گزارنا، یہ سب عوامل آپ کی زندگی کو ایک مقصد فراہم کرتے ہیں۔

اگر آپ انٹرن شپ کے دوران اپنے لمحات اور تجربات کو بامقصد بنانے کی دانستہ کوشش کرکے اس میں مہارت حاصل کرلیں تو ڈگری حاصل کرنے کے بعد آپ اپنے لیےایک کامیاب اور مطمئن زندگی گزارنے کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔