بھکر میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد قتل

July 20, 2020


پولیس کے مطابق پنجاب کے شہر بھکر کے علاقے دریاخان کے نواحی علاقے کاٹھ موڑ میں خاتون کے خاوند نے بھائی اور والد کے ہمراہ خاتون اور مرد دونوں کو قتل کردیا۔

پولیس نے بتایاہے کہ واقعہ چھپانے کے لیے پولیس کو اطلاع دیے بغیر خاتون کی تدفین کردی گئی جبکہ زخمی شخص کو ورثا اُسے علاج کے لیے ملتان لے کر جا رہے تھے کہ وہ بھی دم توڑ گیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے مقتول کی لاش قبضہ میں لےکر اسپتال منتقل کردی اور واقعے کا مقدمہ 29 نامزد اور 8 نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی قبر کشائی کے لیے علاقہ مجسڑیٹ کو درخواست دے دی گئی ہے۔ قتل ہونے والے مرد اور عورت کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ مقتولین قریبی رشتہ دار تھے اور دونوں خاندان جنوبی وزیر ستان کے رہائشی ہیں۔