موبائل پر پب جی گیم کھیلنا

July 24, 2020

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال :۔کیا پب جی گیم کھیلنا جائز ہے ؟

جواب :۔پب جی (PUBG) گیم کئی طرح کے مفاسد پر مشتمل ہے۔ اس کے کھیلنے میں نہ کوئی دینی اور نہ ہی کوئی دنیوی فائدہ ہے، مثلاً جسمانی ورزش وغیرہ،یہ محض لہوو لعب اور وقت گزاری کے لیے کھیلاجاتا ہے،جو ’’لایعنی‘‘ کام ہے اور اسے کھیلنے والے عام طور پر اس قدر عادی ہوجاتے ہیں کہ پھر انہیں اس کا نشہ سا ہوجاتا ہے، اور ایسا انہماک ہوتا ہے کہ وہ کئی دینی بلکہ دنیوی امور سے بھی غافل ہوجاتے ہیں۔ شریعتِ مطہرہ ایسے لہو ولعب پر مشتمل کھیل کی اجازت نہیں دیتی۔

جب کہ اس میں مزید شرعی قباحت یہ بھی ہے کہ یہ جان دار کی تصاویر پر مشتمل ہے۔ نیز خبریں یہ ہیں کہ جو لوگ اس گیم کو بار بار کھیلتے ہیں، ان کا ذہن منفی ہونے لگتا ہے اور گیم کی طرح وہ واقعی دنیا میں بھی ماردھاڑ وغیرہ کے کام سوچتے ہیں، جس کے بہت سے واقعات وقوع پذیر ہوئے ہیں۔ لہٰذا پب جی اور اس جیسے دیگر گیم کھیلنا شرعاً جائز نہیں ہے۔