مشکلات کے باوجود پولیو ورکرز کی خدمات قابل تحسین ہیں، عذرا پیچوہو

July 29, 2020

سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کو آمادہ کرنا چیلینج رہا ہے، کوشش رہے گی کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔

صوبائی وزیر صحت نے ان خیالات کا اظہار انسداد پولیو سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ای او سی کوآرڈینیٹر فیاض عباسی، ٹیکنیکل پرسن ڈاکٹر احمد علی شیخ اور تمام اضلاع کے ڈی سیز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے بھی شرکت کی۔

وزیرصحت سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس ماہ 23 یوسیز میں ڈھائی لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ پورا کرنےکی کوشش کی۔ گزشتہ مہم میں والدین کے انکار کے باعث 38 ہزار بچے قطرے پینے سے رہ گئے تھے۔ رواں ماہ 20 ہزار بچوں کو ان کے والدین کو آمادہ کرنے کے بعد قطرے پلائےجاچکے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب بھی 18 ہزار 700 بچے قطرے پینے سے رہ گئے ہیں۔ جن کے والدین کو آمادہ کیا جائے گا۔ برسات کی وجہ سے پولیو مہم کا ٹارگٹ پورا کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ پولیو ورکرز کا قومی خدمت کرنا قابل تحسین ہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ والدین اس مقصد کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے، آئندہ پولیو مہم اگست میں چلائی جائیگی، تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاۓ جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کورونا صورتحال کے بعد پولیو ورکرز کی حفاطت کی وجہ سے مہم کچھ عرصہ متاثر رہی۔