دنیا بھر میں 80 کروڑ بچے سیسے سے متاثر ہیں، رپورٹ

July 30, 2020

سیسے کے زہریلے اثرات کے بارے میں عالمی سطح پر ایک نئی تحقیق سامنے آئی ہے جس کے مطابق نیا بھر میں 80 کروڑ بچے سیسے سے متاثر ہیں۔

یہ رپورٹ بچوں سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسف اور پیور ارتھ نامی ادارے نے مشترکا طور پر تیار کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک بچہ سیسے کے زہریلے اثرات کا شکار ہے جس سے ان کی صحت کو ناقابلِ علاج نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں 80 کروڑ بچے سیسے سے متاثر ہیں جن کی زیادہ تعداد ترقی پذیر ممالک میں ہے۔ اس سے پہلے اس مسئلے کو اتنے بڑے پیمانے پر نہیں دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سیسے سے متاثرہ بچوں کی عالمی تعداد کا لگ بھگ نصف جنوبی ایشیا میں ہے جبکہ پاکستان میں سیسے سے متاثرہ بچوں کی تعداد 4 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ ہے۔

سیسے سے متاثرہ بچوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں تیسرے نمبر پرہے جبکہ بھارت پہلے نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں نائجیریا دوسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض مسالے، عمارتوں پر کیے جانے والے رنگ، بعض کھلونے سیسے کے زہریلے اثرات پھیلانے کا سبب ہیں۔

اس کے علاوہ رپورٹ میں بیٹریوں کی غیر قانونی ری سائیکلنگ سمیت خطرناک اقدامات فوری روکنےکامطالبہ بھی کیا گیا ہے۔