بار بی کیو پارٹی

July 31, 2020

زاہدہ زبیر

عیدالاضحی کے موقعے پرعموماً ہر دوسرے گھر میں بار بی کیو پارٹیز کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے اور ہم بھی ہر سال اِسی مناسبت سے منفرد، لذیذ اور چٹ پٹے پکوانوں کی تراکیب آپ کی خدمت میں پیش کرتے چلے آرہے ہیں، لیکن اس بار آپ بار بی کیو بیف بوٹی کی ایک ترکیب سے تیار کریں گی ،کئی اور لذیذ ڈشز۔ بس، اس کے لیے پہلے بار بی کیو بوٹیاں تیار کرلیں ۔تو پھر دیر کس بات کی ہے، اپنے پیاروں کو باربی کیو پارٹی پر مدعو کر کے ان لذیذ پکوانوں سے تواضع کریں۔

باربی کیو بیف بوٹی


اجزاء:

گائے کا گوشت(بون لیس چھوٹی بوٹیاں کرلیں) ایک کلو، ادرک،لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ دوکھانے کے چمچ، گرم مسالا ایک چائے کا چمچ، پپیتا پاؤڈ ر حسبِ ضرورت، لیموں کا رس تین کھانے کے چمچ، سفید زیرہ (بُھون کر کوٹ لیں) ایک کھانے کا چمچ، تیل یا مکھن حسبِ ضرورت۔

ترکیب:پہلے بوٹیوں پر تھوڑا سا آٹا مِل کر اچھی طرح دھو کے چھلنی میں رکھ دیں، تاکہ پانی نکل جائے۔بعد ازاں، ایک باؤل میں بوٹیاں اور( تیل کے علاوہ )تمام مسالا جات ڈال کر اچھی طرح مِکس کریں اور چھے سے سات گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر کوئلے دہکا کے بوٹیاں سیخوں میں پرو کر کوئلوں پر سینکیں اور ساتھ ساتھ برش کی مدد سے ان پر تیل لگاتی جائیں۔ اگر کوئلے نہ ہوں، تو شاشلک اِسٹک میں پرو کر یا اس کے بغیر ہی فرائی پین میں تھوڑا سا تیل ڈال کر گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کرلیں اور آخر میں کوئلے کی دھونی دے دیں۔

باربی کیو بوٹی رول

اجزاء:بار بی کیو بوٹیاں(تیار شدہ) حسبِ ضرورت، فروزن پراٹھے دس سے بارہ عدد، پیاز (باریک لچّھے کاٹ لیں)تین عدد اور ہری چٹنی(ہرا دھنیا، پودینا، ہری مرچیں، لیموں رس یا املی کا گودا حسبِ ذائقہ اور تھوڑی سی دہی شامل کرکے پیس لیں) ایک پیالی اور تیل پراٹھے تلنے کے لیے۔

ترکیب:پہلے پراٹھے تل لیں، پھر ایک ایک پراٹھا لے کر اس پر حسبِ ضرورت بوٹیاں، پیاز کے لچّھے اور ہری چٹنی کےدو کھانے کے چمچ ڈال کر رول کرلیں اور گرما گرم پیش کردیں۔اگر فروزن پراٹھے پسند نہ ہوں، تو گھر میں بنالیں۔

باربی کیو رائس

اجزاء:چاول (اُبلے ہوئے)تین پاؤ، تیار شدہ بوٹیاں ایک کلو، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، ہری پیاز (پِسی ہوئی)تین چوتھائی کپ، ٹماٹر کا پیسٹ آدھا کپ، نمک حسبِ ضرورت، لال مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، سیاہ مرچ پاؤڈر ایک چائے کاچمچ، لیموں کارس تین کھانے کے چمچ، گرم مسالا پاؤڈر، ایک چائے کا چمچ، ہری مرچ(باریک کاٹ لیں)چھے عدد، فریش کریم آدھا کپ، ثابت دھنیا(بھون کر پیس لیں) ایک چائے کا چمچ، ثابت سفید زیرہ (بھون کر پیس لیں) ایک چائے کا چمچ، ہرا دھنیا(باریک کاٹ لیں)آدھا کپ،پانی تین چوتھائی کپ اور تیل آدھا کپ۔

ترکیب:تیل گرم کرکے پیاز فرائی کرلیں۔ پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر ذرا سا بھون کر تمام مسالاجات(ہری مرچیں اور ہرے دھنیے کے علاوہ)،ٹماٹر اور پانی شامل کرکے پکنے دیں۔ اُبال آنے پر کچھ دیر پکا کر فریش کریم، ہری مرچیں اور لیمو ںکا رس ڈال کر اچھی طرح بھون کر چولھا بند کردیں۔ اب کسی سرونگ ڈش میں پہلے اُبلے ہوئے چاول ڈالیں ،اس کے اوپر گریوی اور پھر باربی کیو بوٹیاں ڈال کر آخر میں ہرا دھنیا چِھڑک دیں۔ آپ چاہیں تو چاولوں کو مکھن اور سفید زیرے کا تڑکہ بھی لگا سکتی ہیں، لیکن سرونگ سے پہلے ۔

باربی کیو سینڈوچ

اجزاء:ار بی کیو بوٹیاں آدھا کلو، ڈبل روٹی کے بڑے سلائسز آٹھ عدد، مایونیز آدھا کپ، مسڑڈ پیسٹ دوکھانے کے چمچ اور مکھن حسبِ ضرورت۔

ترکیب:پہلے چوپر میں بوٹیوں کے ساتھ مایونیز اور مسڑڈ پیسٹ ڈال کر چوپ کرلیں۔پھر ایک سلائس پر بوٹیوں والا آمیزہ اور دوسرے پر مکھن لگا کرگرم پین میں گرم کرلیں یا سادہ سے نان اسٹک پین کو گرم کرکے ذرا سے مکھن سے گریس کرکے سینڈوچ سینک لیں۔ پھر انہیں تکون شیپ میں کاٹ کرکسی بھی ساس اور فرینچ فرائز کے ساتھ پیش کریں۔ ویسے، ہری چٹنی یا چلی گارلک ساس بھی ڈال سکتے ہیں۔

باربی کیو قورما

اجزاء:بار بی کیو بوٹیاں آدھا کلو، پیاز(باریک لچّھے کاٹ لیں)دو عدد، دہی (پھینٹ لیں) ایک کپ، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ پاؤڈر دو چائے کے چمچ، قورما مسالا ایک کھانے کا چمچ اورتیل آدھا کپ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز سُنہری کرلیں۔ اب پتیلی سے فرائی پیاز نکال کر پیس کر دہی میں اچھی طرح مِکس کردیں۔ اب اِسی تیل میں ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر ہلکا سا بھون کر دہی اور تمام مسالے شامل کرکے پکنے دیں، یہاں تک کہ مسالا تیل چھوڑ دے۔ آخر میں بار بی کیو بوٹیاں شامل کرکےچولھا بند کردیں۔