دیر: 2 گروپوں میں فائرنگ، 10 افراد جاں بحق، کئی زخمی

July 30, 2020


خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالا میں جنگل کی ملکیت کے تنازع پر دو مخالف گروپوں میں فائرنگ سے 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) میاں نصیب جان کے مطابق علاقہ چراگئی میں دو گروپوں میں جنگل کی ملکیت پر تنازع تھا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فریق علاقے میں ایک شخص کے جنازہ میں شریک تھے کہ نماز جنازہ کے بعد دونوں گروپوں میں تلخ کلامی ہوگئی اور ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔

ڈی پی او نے بتایا کہ فائرنگ سے 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ علاقے میں سخت کشیدگی ہے اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔