بلوچستان: کورونا میں معمولی اضافہ، 24 گھنٹوں میں 54 مریضوں کی تشخیص

July 30, 2020

بلوچستان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد میں معمولی اضافہ ہواہے، صوبے میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 54 مریض سامنے آئے جبکہ کورونا میں مبتلا 17 افراد صحت مند ہوگئے۔

اس وقت صوبے میں صرف 1475مریض زیر علاج ہیں، جن میں 22 مریض اسپتال میں داخل ہیں۔

محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز صوبے میں 906 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے دوران 9 اضلاع میں 54 نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مصدقہ تعداد 11708 ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 17 مریض مکمل صحت یاب ہوئے ہیں، جس کے بعداب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مصدقہ تعداد 10097 ہوگئی ہے جبکہ 1475 مریض زیر علاج ہیں اور 737 افراد کے کئے گئے کورونا ٹیسٹ کی لیبارٹری رپورٹ آنا باقی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 136 افراد کی اموات واقع ہوئی ہے۔