پیپلز لبریشن آرمی طاقتور‘ مہذب اور پرامن فورس ہے،چین

July 31, 2020

اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان کے عظیم ہمسایہ آزمودہ دوست عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے نے پیپلز لبریشن آرمی کی یکم اگست کو ہونے والی 93سال کی عظیم الشان تقریب کے موقع پر ایک تحریری پیغام میں کہا ہے کہ پی ایل اے ایک طاقتور ‘ مہذب اور پرامن فورس ہے۔ چین کی کمیونسٹ پارٹی (CPC) کی مضبوط قیادت میں پی ایل اے نے چینی عوام کی عظیم آزادی‘ چین کی سوشلسٹ تعمیرو اصلاح‘ ریاستی خود مختاری‘ سلامتی اور قومی ترقی کے مفادات کے تحفظ کیلئے انمٹ تاریخی کردار ادا کیا ہے جو عالمی امن اور انسانیت کی ترقی کا سبب ہے۔ سفارتخانہ چین کے ترجمان نے کہا کہ پی ایل اے ہمیشہ لوگوں سے قریبی رابطے میں رہنے اور انکے حقوق اور مفادات کے دفاع کی روایت کو آگے بڑھاتی ہے۔ تباہی سے بچائو اور امداد میں سرگرمی سے شریک ہے۔ پیغام میں دوٹوک الفاظ میں کہا گیا ہے کہ ایک پرامن قوت چین کے قومی دفاع کی ترقی کا مقصد اپنی سلامتی کی صحیح ضروریات کو پورا کرنا اور دنیا کی پرامن افواج کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔