سویڈن میں لاپتابلوچ صحافی کی موت کی تحقیقات ختم، قتل کا امکان خارج

July 31, 2020

اسٹاک ہوم (جنگ نیوز )سویڈن میں استغاثہ حکام نے پاکستانی صحافی ساجد بلوچ کی موت کی تفتیش میں کسی جرم کے امکان کو رد کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے بلوچستان ٹا ئمز کے صحافی ساجد بلوچ کے اہلخانہ نے تحقیقات کو روک دیے جانے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ جرمن میڈیا کے مطابق ساجد کے بھائی واجد بلوچ نے بتایا کہ ابھی تک ان کی فیملی کو ساجد کی لاش نہیں ملی ہے اور فی الحال وہ اس کیس کے بارے میں مزید بات نہیں کر سکتے۔گمشدگی سے پہلے ساجد بلوچ کا آخری رابطہ قریبی دوست اور روم میٹ تاج بلوچ کے ساتھ ہوا تھا، جن کے ساتھ ساجد کی اپسالہ جانے سے پہلے ملاقات ہوئی۔ تاج بلوچ نے سویڈش پولیس کی تحقیقات کو ناقص قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ پولیس نے اس کیس میں غیر معمولی سستی کا مظاہرہ کیا۔ دو مارچ کو ساجد کے لاپتہ ہونے سے تقریباً ایک ماہ تک ساجد کی فیملی اور دوستوں نے پولیس سے کئی بار اس کی بازیابی کے لیے رابطہ کیا مگر پولیس نے ساجد کی گمشدگی کا سراغ لگانے میں دلچسپی نہیں لی۔