شفقت امانت علی کے نئے گانے کی جھلک جاری

July 31, 2020


پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے گلوکار شفقت امانت علی کے ساتھ اپنے نئے پراجیکٹ کی ایک جھلک سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شان شاہد نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کی جس میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار شفقت امانت علی اپنا نیا گانا گنگناتے نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے شان شاہد نے لکھا کہ ’پاکستانی عوام اور اپنے پیارے پاکستان کے ساتھ عشق و محبت کی آواز جلد آرہی ہے۔‘

شان شاہد نے بتایا کہ ’شفقت امانت علی کے اس نئے گانے کو اُنہوں نے یعنی شان شاہد نے تحریر کیا ہے جبکہ گانے کے ہدایتکار ساجد علی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: شان اور شفقت امانت علی کس پراجیکٹ میں ساتھ کام کر رہے ہیں؟

دوسری جانب شفقت امانت علی نے شان شاہد کے ٹوئٹ کو ریٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ گانا قوم کے ساتھ محبت کو بیان کرتے ہوئے لکھا گیا ہے۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’ساجد علی کی ہدایتکاری میں بننے والے اس خوبصورت گانے کو سُننے کے لیے انتظار نہیں کیا جاسکتا ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہی شان شاہد اور شفقت امانت علی نے اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں اعلان کیا تھا کہ وہ دونوں جلد ہی ایک پراجیکٹ میں ساتھ نظر آنے والے ہیں۔

شان شاہد اور شفقت امانت علی کے پیغامات کے بعد دونوں کے مداحوں کی جانب سے اُن کے نئے پراجیکٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔