شاہین اور نسیم شاہ میں بہترین بالر بننے کی صلاحیت ہے، شاہد آفریدی

August 02, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم میں شامل فاسٹ بالر شاہین شاہ اور نسیم شاہ میں بہترین بالر بننے کی صلاحیت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہد آفریدی نے مداحوں کے متعدد سوالوں کے جواب دیئے۔ شاہد آفریدی سے ان کے چاہنے والوں نے ماضی کی اور موجودہ کرکٹ سے متعلق سوالات پوچھے۔

فاسٹ بالر جنید خان سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ جنید خان کو مزید مواقع ملنےچاہئیں۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں سعید انور کے ساتھ بیٹنگ کرنے میں بےحد مزہ آتا تھا۔

جارحانہ بیٹنگ کرنے والے کھلاڑیوں سے متعلق سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا کے میکسویل اور ایرن فنچ ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔

ایک مزید سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ موجودہ دور میں ان کے پسندیدہ آل راؤنڈر انگلینڈ کے کھلاڑی بین اسٹوکس ہیں جبکہ آسٹریلیا کے فاسٹ بالر پیٹ کمنز دنیا کے بہترین بالر ہیں۔

شاہد آفریدی سے پوچھا گیا کہ انہیں کون سے بھارتی بیٹسمین پسند ہیں جس پر آفریدی نے کوہلی اور روہت شرما کا انتخاب کیا۔

شاہد آفریدی نے عبدالقادر کو پسندیدہ اسپن بالر بھی قرار دیا۔