پہلے ٹیسٹ کیلئے مصباح کے 20 کھلاڑیوں کے اعلان کی وجہ سامنے آگئی

August 02, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ / چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ڈر بی میں چار روزہ پریکٹس میچ کے بعد تین ٹیسٹ میچوں کے لئے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ جب کہ 9 کھلاڑی فخر زمان، افتخار احمد، حیدر علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد عامر، خوشدل شاہ، محمد حسنین اور موسیٰ خان کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ تین ٹی 20 کے لئے اپنی تیاریوں کو جاری رکھیں گے۔

کو ویڈ 19 کے سبب بائیو سیکور ماحول میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے قواعد و ضوابط کے مطابق ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر 9 کرکٹرز دوران ٹیسٹ ڈریسنگ روم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ٹیسٹ میچ کے دوران پانچ کھلاڑی باؤنڈری لائن پر بیٹھیں گے اور اگر دوران ٹیسٹ کسی کھلاڑی کا کو ویڈ 19ٹیسٹ مثبت آیا، تو متبادل کھلاڑی 20 رکنی اسکواڈ ہی سے تبدیل کیا جائے گا۔

یاد رہے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کیساتھ 14 افراد ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہیں، جو ڈریسنگ روم میں جانے کے اہل ہوں گے، ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستان کے 20 کھلاڑی یہ ہیں۔

اظہر علی(کپتان)، بابراعظم، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، امام الحق، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، سرفراز احمد، نسیم شاہ، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری، وہاب ریاض اور یاسر شاہ۔