بھارتی بورڈ نے کرکٹرز کے واجبات 10 ماہ سے ادا نہیں کئے

August 02, 2020


دنیا کے امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے کرکٹرز کے واجبات دس ماہ سے ادا نہیں کئے، بھارتی میڈیا کے مطابق ‏ 27 سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کو اکتوبر سے سہ ماہی قسط تک نہیں ملی۔

‏دنیا کا امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ غریب ہوگیا، کرکٹرز کے واجبات ہضم کرگیا، بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹرز کے 10 ماہ سے کوئی واجبات ادا نہیں کیے گئے۔

‏27 سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کو گزشتہ برس اکتوبر سے سہ ماہی قسط نہیں ملی۔ 8 کرکٹرز نے واجبات نہ ملنے کی تصدیق کردی ہے۔

کھلاڑیوں کو دسمبر 2019 سے 2 ٹیسٹ، 9 ون ڈے اور 8 ٹی ٹوئنٹی میچز کی میچ فیس تک ادا نہیں کی گئی۔

‏بھارتی کرکٹرز کو اے پلس، اے، بی اور سی کیٹگریز کے حساب سے معاوضہ ملتا ہے۔ اے، بی اور سی کو بالترتیب پانچ، تین اور ایک کروڑ روپے ملتے ہیں،

‏میچ فیس ٹیسٹ کے 15، ون ڈے کے 6 اور ٹی ٹوئنٹی کے 3 لاکھ روپے ملتے ہیں۔

‏ بی سی سی آئی کی آخری بیلنس شیٹ مارچ 2018 میں 5 ہزار 526 کروڑ روپے کی رقم ظاہر کی گئی ہے۔

‏ بھارتی بورڈ کھلاڑیوں کو چار اقساط میں ادائیگیاں کرتا ہے۔ چیف فنانشل آفیسر کے نہ ہونے کی وجہ سے ‏ڈومیسٹک کرکٹرز کو بھی اب تک واجبات ادا نہیں کیے گئے۔