آرسنل نے چیلسی کو ہراکر ایف اے کپ جیت لیا

August 02, 2020

ایف اے فٹبال کپ کے فائنل میں آرسنل نے چیلسی کو دو کے مقابلے ایک گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، آرسنل ٹیم نے 14 ویں مرتبہ ایف اے کپ اپنے نام کیا ہے۔

انگلینڈ کے ویمبلے اسٹیڈیم میں ایف اے کپ کا فائنل انتہائی دلچسب رہا، ٹورنامنٹ کے 139 ایڈیشن میں آرسنل اور چیلسی کی فٹ بال ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوا، کھیل کے ابتدا میں ہی چیلسی کے پولیسک نے گول کردیا۔

میچ کے 28 ویں منٹ میں چیلسی کے کپتان کی غلطی نے آرسنل کو پنالٹی دلائی، جس پر اسٹرائیکر اوبامیانگ نے گول کر کے حساب برابر کردیا۔

کھیل کے سیکنڈ ہاف میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے، اس موقع پر آرسنل کے پلئیرز نے دلچسب موو بنایا، اسٹرائیکر اوبامیانگ نے ایک اور گول کر کے برتری دلا دی، جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی اور آرسنل نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

آرسنل کی ٹیم نے 14 ویں مرتبہ ایف اے کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جبکہ چیلسی کی ٹیم ایف اے کپ کا ٹائٹل 8 مرتبہ اپنے نام کر چکی ہے۔