قومی ٹیم کا اولڈ ٹریفورڈ میں پہلا پریکٹس سیشن

August 02, 2020

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم مانچسٹر پہنچ چکی ہے جہاں قومی ٹیم نے اولڈ ٹریفورڈ پر پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پانچ اگست سے اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں شروع ہوگا۔

پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم ہفتے کو ڈربی سے مانچسٹر پہنچی اور اتوار کو اولڈ ٹریفورڈ پر پہلا پریکٹس سیشن منعقد کیا۔ پریکٹس سیشن میں ٹیسٹ کیلئے شارٹ لسٹ ہونے والے 20 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

قومی کرکٹرز نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کرتے ہوئے کنڈیشنز سے ایڈجسٹ ہونے کی کوشش کی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ٹیم مینجمنٹ کے دیگر اراکین اور کپتان اظہر علی سے فائنل الیون پر بھی مشاورت کی اور بولنگ کمبی نیشن کے انتخاب پر غور کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹاپ چھ بیٹسمینوں پر اتفاق ہوچکا ہے تاہم دو اسپنرز یا ایک اسپنر کے ساتھ جانے کے آپشن پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔