انگلینڈ کے بالروں کے مقابلے میں ہمارے بولرز تجربہ نہیں رکھتے: مصباح الحق

August 03, 2020


قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے بالروں کے مقابلے میں ہمارے بولرز اتنا تجربہ نہیں رکھتے۔

مصباح الحق نے مانچسٹر میں ویڈیو لنک پریس کانفرنس میں کہا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے مجموعی طور پر تیاریوں کے حوالے سے مطمئن ہوں، تین ماہ کے بعد آغاز کیا زیرو سے شروع کیا جوکہ سب شاندار رہا ، ایک ماہ سے زائد سے ہم اکٹھے ہیں ٹیم اچھی فارم میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھی کرکٹ کھیلنی ہے، پچ ویسی ہےجیسی ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں تھی ، ہم بھی 2 اسپنرز کو کھلاناچاہیں گے۔

مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ اچھی ٹیم ہے لیکن ہمارے پاس بھی اچھا موقع ہے،میرا نہیں خیال کہ کھلاڑی موجودہ صورتحال سے دماغی طور پر تھکاوٹ کا شکار ہوں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹاپ آرڈر کا پرفارم کرنا بڑا اہم ہے، دونوں ٹیموں کی بولنگ بہت مضبوط ہے، دونوں ٹیموں کی بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی مقابلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں اگر آپ 300عبور کرتے ہیں توجیتنے کے70 فیصد امکانات ہو جاتے ہیں ، سہیل خان اچھی بولنگ کر رہے ہیں ،لیکن کنڈیشنز کو دیکھ کر کمبی نیشن بنانا ہے، نوجوان بالرز کے لئے بڑا موقع ہے ان میں بھرپور صلاحیت ہے۔

مصباح الحق نے بتایا کہ انگلینڈ کے بالروں کے مقابلے میں ہمارے بولرز اتنا تجربہ نہیں رکھتے، وسیم اکرم بولرز کے ساتھ ہمیشہ رابطے میں رہے ہیں، ہم نے بہتری کی طرف جانا ہے، یہ سوچنا مقصد نہیں ہے کہ جیت گئے تو میرے لئے یہ اچھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کل 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کریں گے ، ہر شعبے کے لحاظ سے کھلاڑی رکھیں گے۔