اظہر نے پرفارم نہ کیا تو مینجمنٹ کو کسی اور کو آزمانا ہوگا، کامران اکمل

August 03, 2020

ٹیسٹ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کاکہنا ہے کہ کپتان اظہر علی نے پرفارم نہیں کیا تو مینجمنٹ کو اس کی جگہ کسی اور کو آزمانا پٹرے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں گفتگو کرتے ہوئے ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا کہ دورۂ انگلینڈ میں وکٹ کیپر رضوان اور کپتان اظہر علی پر پرفارمنس کا دباؤ ہوگا، اگر دونوں نے پرفارم نہیں کیا تو مینجمنٹ کو کسی اور کو موقع دینا پٹرے گا۔

کامران اکمل نے واضح کیا کہ انہوں نے ہر فارمیٹ اور ہر سطح پر پرفارمینس دی ہے،کوئی سلیمانی ٹوپی پہن کر ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی کہ کوئی انہیں دیکھ نہیں سکتا.

53 ٹیسٹ میں 6 اور ون ڈے کرکٹ میں 5سنچریاں بنانے والے 38 سالہ کامران اکمل نے مزید کہا کہ اپنے لئے آواز اٹھانا ان کا فرض ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور چیف سلیکٹر/ ہیڈ کوچ مصباح الحق کے سامنے انہوں نے اپنا کیس رکھا ہے، امید ہے کہ انہیں انصاف ضرور ملے گا۔

مصباح الحق سے متعلق سوال پر مایہ ناز وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ بطور کپتان مصباح الحق کے دور میں ٹیم کی رینکنگ بہت نیچے آئی، لیکن انہیں امید ہے کہ جو غلطیاں مصباح نے بطور کپتان کیں مستقبل میں ایک نئے عہدے پر کام کرتے ہوئے وہ انہیں نہیں دہرائیں گے۔

پاکستان کے لئے دو ورلڈ کپ کھیلنے والے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر اور وقار یونس کی پسند نا پسند اور تجربات نے پاکستان کرکٹ کو جو نقصان پہنچایا، وہ امید کرتے ہیں ،مصباح الحق ایسا ہر گز نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ مصباح اپنی انا کو بالائے طاق رکھ کر اور سوچ کو مثبت انداز اپناتے ہوئے پاکستان کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرینگے۔