پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستان اور انگلینڈ کی تیاریاں

August 03, 2020

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ بدھ سے شروع ہو گا، ٹیموں کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئیں، ٹیم پاکستان نے مانچسٹر میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا۔

دوسری جانب انگلش بورڈ نے سابق بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ کو سیریز کے لیے ٹیم کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔

انگلش آل راؤنڈر کرس ووکس کا کہنا ہے کہ ٹیم پاکستان خطرناک حریف ہے لیکن وہ سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان ٹیم نے مانچسٹر میں ایک اور بھرپور ٹریننگ سیشن کیا، جس میں کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے ساتھ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی خوب پریکٹس کی۔

سیریز کے لیے انگلش ٹیم کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ آل راؤنڈر کرس ووکس کا کہنا ہے کہ کسی بھی حریف کو کمزور نہیں سمجھ سکتے، پاکستان ٹیم خطرناک ہے، جس میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں۔

کرس ووکس نے کہا کہ ان کی ٹیم سیریز کھیل کر آرہی ہے جس کا فائدہ ہوگا، لیکن پاکستان ایک چیلنجنگ ٹیم ہے، اس کے خلاف وہ سیریز میں فاتحانہ آغاز چاہتے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان بدھ سے ہونے والا ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہوگا۔