پُرتکلف ضیافت کا اہتمام

August 09, 2020

عید الاضحی کے بعد عموماً کئی ہفتوں تک گھروں میں گوشت کے مختلف پکوان ہی بنتے رہتے ہیں۔ تو لیجیے، اس اتوار ایک پُرتکلف ضیافت کے اہتمام کے لیے چند مزے دار تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

مٹن وائٹ قورما

اجزاء:بکرے کا گوشت(دھو کر پپیتا پاؤڈر چھڑک کر 20منٹ کے لیےباؤل میں رکھ دیں) ایک کلو،پیاز (باریک کاٹ لیں)دو عدد،ناریل ( پسا ہوا ) ایک کپ،بادام (قدرے موٹا پیس لیں)ایک کپ، سیاہ مرچ پاؤڈر دو چائے کے چمچ،پپیتا پاؤڈر حسبِ ضرورت،لہسن ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ،نمک حسب ِذائقہ ،دہی(پھینٹ لیں)دو پیالی ،ثابت سفیدزیرہ ایک چائے کا چمچ،گرم مسالا (پِسا ہوا) ایک چائے کا چمچ،ہرا دھنیا (پتّے صاف کرکے الگ کرلیں)آدھی گڈی ،ہری مرچ(پیسٹ بنالیں)چھےعدد، لیموں کا رس دوکھانے کےچمچ،سُرخ مرچ ( ثابت )آٹھ عدد اور تیل۔

ترکیب:پہلےگرائنڈر میں دہی ،مرچیں، ہرا دھنیا ،بادام اورناریل ڈال کر گرائنڈ کرکے رکھ لیں۔اس کے بعدایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز سُنہری کرلیں۔پھر اس میںادرک، لہسن کا پیسٹ اور گوشت ڈال کر اچھی طرح بھونیں اور گرائنڈ کیا ہوا ہرا مسالا ڈال کرڈھکن ڈھک کے ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔جب دہی کا پانی خشک ہو جائے اور تیل نظر آنے لگے، تو کالی مرچ چِھڑک دیں۔ پھر توے پر سُرخ ثابت مرچیں اور سفید زیرہ بھون کر توے ہی پر کُوٹ لیں اور گوشت میں ڈال کر مضبوطی سے ڈھکن بند کر دیں، تاکہ خوشبو باہر نہ نکلے۔ سرو کرنے سے پہلے لیموں کا رس ضرور چِھڑک لیں ۔

سادہ مٹن پلاؤ

اجزاء:چاول(ایک گھنٹہ پہلےبھگو دیں) آدھا کلو ،گوشت (اُبلا ہوا)آدھا کلو، ادرک، لہسن کا پیسٹ دوکھانے کے چمچ،ٹماٹر(چوکورکاٹ لیں) دو عدد، دہی(پھینٹ لیں) ایک پاؤ،پیاز(باریک لچّھے کاٹ لیں) دو عدد،ہری مرچ(پیسٹ بنالیں)دس عدد ،لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،تیز پات دو عدد،بڑی الائچی دو عدد،لونگ چار عدد،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ،ثابت کالی مرچ ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ اورتیل آدھا کپ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز سُنہری کرلیں۔اب اس میں گوشت اور دہی کے علاوہ تمام اجزاء ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ پھر گوشت اور دہی شامل کرکے ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔جب تیل نظر آنے لگے، تو حسبِ ضرورت پانی ڈال کر اُبال آنے تک پکنے دیں۔جب اُبال آجائے، تو چاول مِکس کردیں۔پانی خشک ہونے پر دَم دے دیں۔سادہ سامزے دارمٹن پلاؤ تیار ہے۔

بیف انڈر کٹ کڑاہی

اجزاء:گائے کا انڈر کٹ گوشت آدھا کلو،نمک حسبِ ذائقہ ،لہسن(موٹا کُٹا ہوا)ایک کھانے کا چمچ،مصری(پِسی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ،سرکہ ایک چائے کا چمچ،ٹماٹر(کاٹ لیں)چار عدد،سُرخ مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،لال مرچ(کُٹی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ،سیاہ مرچ(پِسی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ،ہری مرچ چھے عدد، ادرک(باریک کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ،ہرا دھنیا ایک گڈی اور تیل آدھی پیالی۔

ترکیب:ایک باؤ ل میںگوشت کے ثابت ٹکڑے پر لہسن،نمک، سُرخ مرچ پاؤڈر، سرکہ اور مصری لگا کر فریج میں30منٹ کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں،ایک پتیلی میں تیل گرم کرکےگوشت ڈال کر بھون لیں اورڈھکن ڈھک کرہلکی آنچ پر گلنےکے لیے رکھ دیں(ضرورت محسوس ہو تو پانی شامل کرلیں)۔اس دوران کڑاہی میں تیل،ٹماٹر اور کُٹی ہوئی لال مرچ ڈال کر ہلکا سا پانی کا چھینٹا دے کرڈھکن ڈھک کر ٹماٹر گلنے دیں۔جب ٹماٹر گل جائیں ،تو چولھا بند کردیں۔گوشت گلنے پر اس میں ٹماٹر کا آمیزہ ڈال کر گوشت کو چمچ کی مدد سے کچلتے ہوئے بھونیں۔جب تیل نظر آنے لگے، تو حسبِ ضرورت باریک کٹی ہوئی ادرک، ہری مرچیں،سیاہ مرچ پاؤڈر اور ہرا دھنیا چِھڑک کر ہلکی آنچ پر پانچ سے سات منٹ کے لیے دَم دے دیں۔ (خالدہ سمیع، گلستانِ جوہر،کراچی)

سیخ کباب

اجزاء:گائے کا قیمہ آدھا کلو، لال مرچ(پِسی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ(پِسا ہوا) ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، کچری پائوڈر ایک چائے کا چمچ،دھنیا پائوڈر ایک چائے کا چمچ، سیاہ مرچ پائوڈر آدھا چائے کا چمچ، ہری مرچ کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، لہسن،ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچ،فریش کریم آدھا کپ، ڈبل روٹی کے قتلے ایک سے دو عدد، ہرا دھنیا آدھی گڈی، پیاز (کٹی ہوئی)ایک عدد، کوئلے بھوننے اور سینکنے کے لیے۔

ترکیب:سب سے پہلے چوپر میں قیمہ اور تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح چوپ کرلیں۔ پھر ایک باؤل میں چوپ کیا ہوا قیمہ نکال لیں۔ پھر حسبِ ضرورت قیمہ لے کر کباب کی شکل میں ایک سیخ پر پرولیں۔اس طرح باقی سیخیں بھی تیار کرلیں۔ اب ان سیخوں کو دہکتے ہوئے کوئلوں پر رکھیں اور 3 سے 4 منٹ تک بھونیں، اس دوران وقفے وقفے سے سیخوں کو الٹتے پلٹتے رہیں، تاکہ کباب چاروں طرف سے اچھی طرح پک جائیں۔ (فائزہ اعظم، لاہور)

ناقابلِ اشاعت نگارشات اور ان کے قلم کار

٭مہمان داری، انسانیت آج بھی زندہ ہے،مستقبل کی ساس، لاک ڈاؤن اور آسان کھانوں کی فہرست، بنتِ شیروانی٭رول ماڈل،سوچ سمجھ کر بولیں،قراۃالعین فاروق،حیدرآباد ٭ایک قدم اور، ہررحمت مایوسی ہے، ڈھال،ردا بشیر، ظفروال ٭یقینِ کامل، بیا بنتِ سیدہ٭چیری ، ڈاکٹر شاہد ایم شاہد ،واہ کینٹ٭رُوپ والی روئے ،نصیب والی کھائے، نازیہ علی٭آن لائن کلاسز، مہرین صدیقی، کراچی ٭گرمی دانے، حکیم حارث نسیم سوہدروی٭شدید ترین گرمی ہے، مگر ،تانیہ شہزاد، رحیم پور، سیال کوٹ٭ تخلیقِ آدم،قاضی جمشیدعالم صدیقی ،لاہور۔