سرکاری اسپتال معمول کی سرگرمیاں شروع کریں، یاسمین راشد

August 03, 2020

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد میں حیرت انگیز کمی آرہی ہے، گوجرانوالہ میں 9 دن سے ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، صوبے کے تمام سرکاری اسپتال معمول کی سرگرمیاں شروع کردیں۔

لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں حیرت انگیز کمی آرہی ہے، محکمہ صحت پنجاب معمول کی سرگرمیاں بحال کردے۔

انہوںنے کہا کہ میو اسپتال، یکی گیٹ، ایکسپو سنٹر اور پی کے ایل آئی میں کورونا مریضوں کاعلاج جاری رہے گا، نئے کورونا مریضوں کو ان چار اسپتالوں میں ریفر کیا جائیگا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ گوجرانوالہ میں 9 دن سے ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کا فیصلہ بھی جلد کیا جائیگا۔