امریکی صدارتی الیکشن، کنونشن میں میڈیا کی شرکت پر پابندی کی اطلاعات پر ریپبلکن پارٹی کا تبصروں سے گریز

August 04, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا میں ریپبلکن پارٹی نے ان اطلاعات پر تبصرے سے گریز کیا ہے کہ رواں ماہ ہونے والے پارٹی کنونشن، جس میں باضابطہ طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اگلی صدارتی مدت کیلئے نامزد کیا جائے گا، میں میڈیا کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہفتہ کو کئی غیر ملکی میڈیا اداروں نے خبر جاری کی تھی کہ کورونا وائرس کی وجہ سے میڈیا کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم، اتوار کو کنونشن سے وابستہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ کنونشن کے حوالے سے وفود کا اہم اجلاس ریاست شمالی کیرولینا میں اگست کے آخری دنوں میں منعقد ہوگا۔